صوبے کی ترقی اور عوامی بہبود کیلئے افہام و تفہیم کو ترجیح دی جائے گی۔ گورنر بلوچستان

168

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ملک اور صوبے کے تمام معاشی اور سیاسی چیلنجز کا دیرپا حل باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم میں پنہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جمہوری رویوں کے فروغ دینے، سیاسی شعور و آگاہی پیدا کرنے اور عوام میں حقوق و فرائض کا احساس جگانے کے حوالے سے سیاسی پارٹیوں کا نہایت اہم کردار ہے، مربوط سیاسی روابط اور خوشگوار تعلقات کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں سابق وزیراعلی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی حالات، خطے میں رونما ہونے والی معاشی تبدیلیاں اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں امدادی کارروائیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم، صحت اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے قائدین سیاسی تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے پس منظر اور پیش منظر کا ادراک رکھتے ہیں اس ضمن میں آپ کے تعاون کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آئندہ بھی صوبے کی ترقی اور عوامی بہبود کیلئے افہام و تفہیم کو ترجیح دی جائے گی۔