بلوچستان : حادثات و واقعات میں 6 افراد جانبحق، 16 زخمی

190
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر بچوں سمیت 6 افراد جانبحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک لاش برآمد برآمد کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بولان کے علاقے ڈھاڈر میں عید پکنک کے دؤران ندی میں نہاتے ہوئے کوئٹہ کا رہائشی نوجوان جلیل احمد ولد مرزک میرانی پانی میں ڈوب کر جانبحق ہوگیا-

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں بلوچستان کے ساحل گڈانی میں کراچی سے پکنک منانے آئے ہوئے 14 سالہ موسیٰ ولد ولی محمد نامی بچہ پاؤں پھسلنے کے باعث سمندر میں ڈوب کر جان کی بازی ہارگیا-

گڈانی انتظامیہ نے بچے کی لاش کو نکال کر مقامی اسپتال منتقل کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردیا ہے-

دوسری جانب حب ندی میں نہا تے ہوئے سات سالہ بچی ڈوب کر جاںبحق ہو گئی، ریسکیو ٹیم نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

ایک اور واقعے میں بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں نامعلوم افراد نے تحصیل بازار میں فائرنگ کرکے پی پی ایل سوئی گیس کے ملازم حاجی قمر دین بگٹی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے-

چاغی سے اطلاعات کے مطابق یک مچ کے قریب مسافر گاڑی الٹنے سے گاڑی میں سوار عطاء الرحمن نامی شخص جانبحق جبکہ دیگر 15 مسافر زخمی ہوگئے-

چاغی ریسکیو حکام نے لاش اور زخمیوں کوفوری طوپر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج و معالجے کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

مزید برآں تربت سیٹلائٹ ٹاؤن میں موٹرسائیکل اور پک اپ گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان زخمی ہوگیا-

خضدار پکنک منانے آنے والے اوباشوں کی گاڑی نے مولہ کے مقام پر مقامی بچے کو کُچل ڈالا، واقعے میں بچہ جانبحق ہوگیا۔ مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے واقعہ کا فوری نوٹس لینا مطالبہ کیا ہے-

دریں اثناء زیارت انتظامیہ کو زیارت اورہرنائی کے درمیانی علا قے ڈومیارہ میں ایک شخص کی کئی روز پرانی لاش ملی ہے جو ناقابل شناخت ہے تاہم انتظامیہ کو لاش کے قریب سے ایک کارڈ ملا ہے جس پر سید نذیر شاہ کا نام درج ہے۔

لیویز فورس نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا مزید کاروائی جاری ہے۔