گلے سڑے سرداری نظام کی پشت پناہی ریاستی ادارے کررہے ہیں۔ حسین واڈیلہ

227

حق دو تحریک کے چیئرمین حسین واڈیلہ نے بارکھان میں خان محمد مری کے ایک خاتون اور دو بیٹوں کے دلخراش قتل اور دیگر افراد کی نجی جیل میں قید کی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گلے سڑے سرداری نظام کی پشت پناہی ریاست اور ریاستی ادارے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قاتل اور درندہ صفت سردار کھیتران کو بارکھان میں اپنی حکومت بنانے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے جو غریب عوام کو اپنا غلام سمجھ کر پاؤں تلے روند رہا جس سے کوئی پوچھنے والا نہیں مگر اپنے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کے پاداش میں مولانا ہدایت الرحمٰن کو پابند سلاسل کیا گیا اور حق کے کارکنان کے پرامن احتجاج پر وحشیانہ انداز میں کریک ڈاؤن کیا گیا مگر وقت کے فرعون کو انسانی جانوں سے کھیلنے کا لائسنس دیکر بلوچستان کا سینیئر وزیر بنایا گیا ہے۔

حق دو تحریک کے چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں آخری سانس لیتے ہوئے قبائلی اور نیم جاگیرداری نظام کو آکسیجن دینے کے لیئے ریاست سردار کھیتران جیسے سرداروں کی سرپرستی کر رہی ہے جن کو صوبائی وزارت کے منصب پر فائز کرکے انسانوں کے قتل کا پرمٹ دیا گیا ہے جس کا واضح ثبوت بارکھان میں صوبائی وزیر بلوچستان سردار کھیتران کا نجی جیل ہے جہاں اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر مظلوموں کو قید کیاجاتاہے لوگوں کو خوفزدہ کرکے خاموشی اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے پہلی بار سردار کھیتران کے مظالم کے خلاف خان محمد مری اور اس کی فیملی سینہ سپر ہوئی تو اس کی فیملی کے 8 افراد کو اغواہ کرکے ناحق قید کیا گیا خان محمدمری فریاد لیکر در پہ در بھٹکتا رہا مگر صوبائی سے لیکر ریاستی اداررتک نے کوئی داد رسی نہ کی جس کے باعث تین انسانوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا جو انسانیت پر بدنماداغ اور ریاست کی رٹ کو کھلا چیلنج کرنے کے مترادف ہے حق دوتحریک اس وحشیانہ عمل کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے سردار کھیتران کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔