واٹس ایپ میں نئی تبدیلیاں، وائس میسج اسٹیٹس بھی پوسٹ کرسکیں گے

375

اگر آپ واٹس ایپ پر اسٹیٹس پوسٹ کرنا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ میٹا کی زیر ملکیت ایپ نے اس سیکشن کے لیے چند اہم اور بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔

واٹس ایپ کی جانب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اسٹیٹس سیکشن کے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اب واٹس ایپ اسٹیٹس پہلے کے مقابلے میں بالکل مختلف انداز کے محسوس ہوں گے۔

یہ فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ 7 فروری سے شروع ہوگیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں تمام صارفین انہیں استعمال کرسکیں گے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ اپنے ہر اسٹیٹس کو تمام کانٹیکٹس سے شیئر نہ کرنا چاہتے ہوں اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین یہ انتخاب کرسکیں گے کہ ان کے پوسٹ کیے گئے اسٹیٹس کونسے افراد دیکھ سکیں گے۔

اب صارفین 30 سیکنڈ تک کے وائس میسج کو ریکارڈ کرکے اسٹیٹس کے طور پر بھی پوسٹ کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق ٹائپنگ کی بجائے بول کر اپنے جذبات کا اظہار کرنا صارفین کے لیے زیادہ اطمینان بخش ہوگا۔

واٹس ایپ میسجز کی طرح اب دوستوں اور رشتے داروں کے اسٹیٹس پر آپ ایموجی ری ایکشنز کے ذریعے جذبات کا اظہار کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ کیا جارہا تھا۔

اس اپ ڈیٹ کے بعد کسی بھی اسٹیٹس پر swiping up کرکے 8 ایموجیز میں سے کسی ایک کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اس فیچر کے متعارف ہونے کے بعد جب بھی کسی صارف کی جانب سے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پوسٹ کی جائے گی تو کانٹیکٹ پروفائل کے نام کے اردگرد ایک رِنگ بن جائے گا جو چیٹ لسٹ، گروپ لسٹ اور کانٹیکٹ انفو میں نظر آئے گا، اس رِنگ پر کلک کرکے آپ اسٹیٹس دیکھ سکیں گے۔

اب اسٹیٹس پر آپ کوئی ویب لنک پوسٹ کریں گے تو اس کا ویژول پریویو بن جائے گا جیسا کسی چیٹ میں میسج بھیجنے کے بعد نظر آتا ہے۔

کمپنی کے مطابق ویژول پریویو سے اسٹیٹس زیادہ اچھے نظر آئیں گے جبکہ کانٹیکٹس کو اندازہ ہوسکے گا کہ وہ کس طرح کے لنک پر کلک کرنے والے ہیں۔