مسک نے پرانے ویریفائیڈ لوگوں کو کرپٹ قرار دیدیا، بلیو ٹک جلد ختم کرنے کا بھی عندیہ

232

دنیا کی معروف مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے بانی ایلون مسک نے پرانے ویریفائیڈ صارفین کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے بلیو ٹک کو جلد ختم کرنے کا اشارہ دیدیا۔

ایلون مسک نے جب سے ٹوئٹر کا چارج سنبھالا ہے تو اس وقت سے آئے روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر کچھ نہ کچھ تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

حال ہی میں ٹوئٹر کی جانب سے کچھ امریکن صارفین کے لیے ایک ٹوئٹ میں حروف 280 سے بڑھا کر 4000 تک کی گئی ہے جبکہ ٹوئٹر میں پیمنٹ سروس متعارف کرانے کے منصوبے پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ ٹوئٹر کے بلیو ٹک کے حوالے سے بھی متعدد تبدیلیوں کی خبریں زیر گردش ہیں اور اسی حوالے سے ایلون مسک نے ایک خاتون صارف کے سوال کا جواب بھی دیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک خاتون صارف نے ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلیو ٹک اب ایک مذاق بنتا جا رہا ہے، پہلے بلیو ٹک صرف مشہور شخصیات اور سیاستدانوں کو فراہم کیا جاتا تھا لیکن آج ہر ٹام، ڈک اور ہیری بلیو ٹک حاصل کر سکتا ہے، ٹوئٹر کے ویری فکیشن ٹک نے اپنی افادیت کھو دی ہے۔

ٹوئٹر صارف کو جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے لکھا لیگیسی بلیو ٹک کے نشان جلد ہی ختم کر دیے جائیں گے، یہ وہ ہیں جو حقیقی طور پر کرپٹ ہیں۔