پی ایم سی خصوصی امتحان طلباء کے ساتھ سراسر زیادتی ہے – ایس ایس ایف

224

سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پی ایم سی کی جانب سے بلوچستان میں میڈیکل کے طلبہ سے خصوصی امتحان لینا ایک ناروا عمل ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ پالیسی میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے تین میڈیکل کالجوں بشمول جھالاوان میڈیکل کالج خضدار، مکران میڈیکل کالج تربت و لورالائی میڈیکل کالج کے طلبہ سے ایک خصوصی امتحان لیا جائے گا اور پاس نہ ہونے کی صورت میں فرسٹ ایئر سے تھرڈ ایئر تک کے طلبہ کی ڈگری منسوخ کردی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس عمل سے طلبہ کے ساتھ ساتھ انکے خاندان پہ بھی منفی اثرات پڑیں گے، مذکورہ میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم طلبہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرکے میرٹ کی بنیاد پہ سیلیکٹ ہوئے ہیں اب جبکہ طلبہ زیر تعلیم ہیں خصوصی امتحان ان کی نصابی سرگرمیوں میں باعث رکاوٹ ہوگا۔

مزید کہا گیا کہ بلوچستان میں پہلے سے صحت کا نظام پسماندگی کا شکار ہے، پی ایم سی کو چاہیے کہ وہ بلوچستان میں مزید میڈیکل کالجز کا اجراء کرکے نظام صحت کو بہتر بنائے نہ کہ پہلے سے میڈیکل کالجوں میں طلبہ کے لئے گمبھیر مسائل پیدا کرے۔

ترجمان سیو اسٹوڈنٹس فیوچر نے کہا کہ تنظیم پی ایم سی کی اس پالیسی کو متعصبانہ سمجھتی ہے، آئے روز بلوچ طلبہ کو مختلف مسائل میں الجھائے رکھنا تعلیم دشمنی پہ مبنی ہتھکنڈا ہے بلوچ طلبہ نے ہمیشہ ایسے ہتھکنڈوں کو مسترد کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔