پنجگور: سرکاری حمایت یافتہ گروہ نے گھروں کو مسمار کردیا

221

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستانی خفیہ اداروں کے حمایت یافتہ گروہ جسے ڈیتھ اسکواڈ  کے نام سے بھی مقامی لوگ جانتے اور پکارتے ہیں کے اہلکاروں  نے گذشتہ  رات  پنچی کہن میں ایک لطیف نامی شخص کے گھروں کو مسمار کردیا ۔

 ذرائع  کے مطابق گذشتہ رات مبینہ طور پر  اعظم قلندرزئی نامی کے درجنوں اہلکاروں نے گھروں کو مسمار کردیا، اس حوالے سے مقامی انتظامیہ بھی تاحال مذکورہ گروہ کے سامنے بے بس نظر آرہا ہے اور آخری اطلاعات تک گھروں کو مسمار کرنے والے گروہ کے خلاف بھی قسم کی کارروائی نہیں کی ہے ۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پنجگور تسپ کے رہائشی شوکت ولد عبدالطیف، پنچی کلگ کے رہائشی سالجان ولد فقیر محمد نے مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر اشرف ساگر ضلعی صدر کامریڈ نصیراحمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کردیا تھا گذشتہ شب محمد اعظم کی سربراہی میں درجنوں مسلح افراد نے جو تین گاڑیوں میں سوارہوکر آئے تھے اور انہوں نے پنچی کھن میں ہمارے تیار مکانات اور چاردیواری کو بلڈوز کیا ،  جس کی وجہ سے ہمیں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

پنجگور سے ایک سماجی کارکن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجگور میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں اب تو اس طرح کے واقعات پنجگور میں معمول بن چکے ہیں ہر جگہ بندوق برداروں کا راج ہے جب چاہیے کسی بھی وقت کسی کے زمینوں پہ قبضہ کرتے ہیں یا انہیں لوٹ لیتے ہیں اور انتظامیہ ان لوگوں کے سامنے بے بس ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آپ اس بات سے اندازہ لگا سکتے ہیں پنجی کا واقعہ جس مقام پہ پیش آیا پولیس تھانہ اس سے محض چار سو میٹر کے فاصلے پہ واقع ہے  لیکن اس کے باوجود ملزمان نے گھروں کو مسمار کرکے آسانی سے فرار ہوئے ۔

پنچگور میں اس وقت درجنوں کی تعداد میں فورسز نے مسلح جتھے تشکیل دی ہوئی ہے اور انہیں مکمل چوٹ دی ہے ۔

پنجگور مغربی بلوچستان سے متصل سرحدی علاقہ ہے یہاں پہ پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں کے لوگ تیل کے کاروبار کرتے ہیں ، اور اکثر یہاں اس طرح کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں جہاں تیل بردار لوگوں کو مسلح افراد باآسانی لوٹ کر یا قتل کرکے گاڑیاں اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔