پاکستانی عدالت کا محسن داوڑ اور منظور پشتین کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم

745

سندھ کے دارالحکومت کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین اور پی ٹی ایم رہنماء و رکن پاکستان اسمبلی محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں محسن داوڑ اور منظور پشتین کے خلاف اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس کی سماعت ہوئی۔

کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں مفرور ملزم منظور پشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ بلاک کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ ذرائع کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے منظور پشتین سمیت 3 مفرور ملزموں کے وارنٹ بھی جاری کیے ہیں۔

مفرور ملزمان میں منظور پشتین، یاسین اور سفیان شامل ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزموں کو گرفتار کر کے 9 مارچ تک پیش کیا جائے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔