بلوچستان: بارش کا سلسلہ جاری، برفباری کا امکان

505
کوئٹہ: فائل فوٹو

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ حکام نے پکنک پوائنٹس پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی سفارش کردی۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول اطلاعات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم 13 نومبر سے افغانستان کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا، جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں تک شمال مغربی بلوچستان میں بارش، جب کہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شیرانی، ژوب، کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، نوشکی اور زیارت میں برف باری متوقع ہے۔

ادارے کے مطابق پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ بارش کے ساتھ ہی کوئٹہ و گردونواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں ہفتہ کی صبح درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 14، قلات میں منفی 2، تربت اور جیونی میں درجہ حرارت 16، سبی 12، نوکنڈی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ میں ہفتہ 14 نومبر کو ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد، گوادر میں 40، قلات 36، تربت 08، جیونی 52، سبی میں 31 ، نوکنڈی میں 09 فیصد ریکاڈ کیا گیا۔ چمن سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ چمن شہر میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام پکنک پوائنٹس پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی سفارش کردی ہے۔ ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے فیصل نسیم پانیزئی کے مطابق بارشوں سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں ہیوی مشینری منتقل کر دی گئی ہے۔

ہیوی مشینری میں ڈوزر، ٹریکٹر، ایمبولینسز اور دیگر مشینیں شامل ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بروقت نمٹا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برف باری کے بعد شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور حرارت منفی ڈگری تک گر جائے گا۔