بلوچستان ایڈیٹرز کونسل نے صوبے کے اخبارات کو واجبات کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی کی صورتحال میں جہاں درجنوں اخباری ورکروں کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں تو وہی اخبارات کی اشاعت کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے مگر اس ایمرجنسی کی صورتحال میں آڈیٹر جنرل آفس کے عملے کا رویہ افسوسناک ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس کی آڑ میں صرف اخبارات کی واجبات کی ادائیگی نہ کرنا تشویشناک عمل ہے حالانکہ اسی صورتحال میں دیگر شعبوں کو ادائیگی کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ کوئٹہ سے جاری بیان میں بلوچستان ایڈیٹرز کونسل نے کہا ہے کہ صوبے کے اخبارات کو گذشتہ کئی ماہ سے واجبات کی ادائیگی نہ ہوسکی ہے جس کیوجہ سے اخباری صنعت شدید بحران کا شکار ہوچکی ہے۔ ایک جانب کورونا وائرس کیوجہ سے ایمرجنسی کی صورتحال ہے تو دوسری جانب رمضان المبارک کا مہینہ ہے مگر اسکے باوجود اخبارات کو واجبات کی ادائیگی ممکن نہیں بنائی جارہی ہے جس کیوجہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاسکی ہیں۔
ایڈیٹرز کونسل کا کہان ہے کہ ایمرجنسی کی صورتحال ہونے کے باوجود محکمہ تعلقات عامہ کا عملہ بروقت واجبات کی ادائیگی کیلئے بل ہر ماہ اے جی آفس بھجوا رہا ہے مگر اے جی آفس کے عملے کے نامناسب رویے کیوجہ سے چیکس نہیں بنائے گئے ہیں جس کیوجہ سے صوبے کے اخبارات شدید بحران کا شکار ہوچکے ہیں۔
بیان میں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان اور اے جی بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیکر اخبارات کو بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائے تاکہ صوبے کے اخبارات اس مشکل صورتحال میں اپنی اشاعت جاری رکھ سکے۔