سلیکٹڈ حکومت ہر قسم کے حالات سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے – نصراللہ زیرے

715

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے متاثرین کی خدمت ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فریضہ تھا۔ پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی کی ہدایت کی روشنی میں پارٹی کے کارکنوں نے جس جوش وجذبے سے متاثرین کی مدد میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا۔ موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہر شعبہ زندگی سمیت ہر قسم کے حالات سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کیلئے مزید مسائل ومشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تختانی بائی پاس گیس روڈ پر منعقدہ عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پیر محمد خان، حاجی رحمت اللہ بادیزئی، حمد اللہ بڑیچ، نعیم خان اچکزئی اور ولی خان توخئی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے اپنے فنڈز سے حلقہ پی بی 31 کے کلی شموزئی، سریاب، خلجی کالونی، موسیٰ کالونی میں جاری عوامی فلاح وبہبود کے ترقیاتی اسکیمات کا پارٹی کے علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ معائنہ کیا۔

رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہر وقت اپنے عوام کے مسائل کی نشاندہی اور اس کے حل کیلئے آواز بلند کی ہے۔ پارٹی ہر قسم کے حالات میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اگر چہ وہ قدرتی آفات ہو یا کوئی بھی مشکل صورتحال ہو پارٹی نے ضلع، تحصیل، دیہات اور گلی محلے کی سطح پر گھر گھر حالات سے نمٹنے کیلئے اپنے عوام کی رہنمائی کی اور بالخصوص مستحقین، متاثرین کی بحالی زندگی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کرونا وائرس پھیلی اگرچہ اس کی روک تھام کے سلسلے میں سنجیدگی سے پہلے مرحلے میں ہی اقدامات اٹھائیں جاتے تو آج صورتحال بہتر ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین جناب محمود خان اچکزئی کی ویڈیو پیغام سے ہمارے عوام اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اگر بروقت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی ہوتی تو آج یقیناً ہمارے عوام کو سنگین انسانی ومالی نقصانات کا سامنا اٹھانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اب بھی غیر سنجیدہ ہے شاید خدانخواستہ وہ کسی بڑے نقصان کے انتظار میں بیٹھی ہیں کیونکہ 18 سے 20 ڈاکٹر کا کرونا وائرس کا شکار ہوجانا انتہائی خطرناک ہے۔ جب طبیب ہی مرض میں مبتلا ہونگے تو وائرس کے شکار مریضوں میں مزید خوف وہراس اور بے چینی پیدا ہوگی۔ اس سلسلے میں حکومت فی الفور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO)کے SOPکے مطابق ڈاکٹروں، پیرامیڈیک ودیگر عملے کیلئے حفاظتی کٹس اور ہر قسم کی ساز و سامان فراہم کریں تاکہ وہ  مریضوں کی علاج و معالجہ کیلئے بروقت وسائل کو بروئے کار لاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اب تک کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب، لاچار، مستحق افراد و خاندانوں کیلئے راشن کا کوئی اہتمام نہیں کیا گیا جبکہ محض اخباری بیانات سے دروغ گوہی کی جارہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فی الفور متاثرہ غریب خاندانوں میں معیاری راشن کی بروقت رسائی کی جائے۔