بلوچستان میں گندم کی بین الاضلاعی نقل وحمل پر پابندی

443

بلوچستان حکومت نے گندم کی بین الاضلاعی نقل و حرکت پر پابندی لگادی۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ فوڈ سیکیورٹی اور مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش کی دستیابی بھی انتہائی اہم ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان بھر میں گندم کی ایک ضلع سے دوسرے اضلاع میں ترسیل پر پابندی عائد کردی گئی، پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جو ایک ماہ تک جاری رہے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت کوئٹہ میں فوڈ سیکیورٹی اور مختلف ذرائع سے طبی آلات کے حصول سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان بھر میں مستحقین کو راشن کی فراہمی کے جاری عمل کو مزید تیز کرنے اور ہر مستحق خاندان تک راش کی ترسیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

جام کمال خان نے گندم کی خریداری کے اقدامات کو بھی جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ فوڈ سیکیورٹی اور مارکیٹ میں اشیاء خورد و نوش کی دستیابی بھی اہم ہے۔

صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمان کھیتران اور چیف سیکریٹری فضیل اصغر نے بھی اجلاس میں شرکت کی، سیکریٹری خوراک اور فوڈ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین دوستین جمالدینی اور سیکریٹری صحت نے اجلاس کو متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں بعض اہم فیصلوں کی منظوری دیتے ہوئے ان پر فوری عملدرآمد کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔