بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 32 کیسز کی تصدیق

238

بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے. جمعہ کو مزید 32 افراد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

بلوچستان کے آٹھ ماثرہ اضلاع میں مجموعی طورپر نوول کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 335 ہوگئی ہے۔ کوروناوائرس سے متاثرہ 142 افراد صحت یاب جبکہ 5 افراد انتقال کرگئے، 385 افراد کے ٹیسٹ کا رزلٹ آنا باقی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں اب تک 13429  افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے جن میں 4812 افراد کے ٹیسٹ کیئے گئے ہیں جن میں 4477 افراد کے ٹیسٹ منفی جبکہ 32 نئے کیسز کے ساتھ 335 افراد کے رزلٹس مثبت آئے ہیں جن میں 188 کیسز ایکٹو ہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق 142 متاثرہ افراد صحت یاب جبکہ 5 افراد انتقال کرگئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مختلف قرنطینہ سینٹروں میں موجود افراد کی تعداد پانچ سو ہیں جن میں تفتان میں 234، دالبندین میں 151، پی سی ایس آئی آر میں 7، خضدار میں 14، ژوب میں 13، ہرنائی میں 25، پشین میں 56 موجود ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق مقامی سطح پر 335 میں 175 کیسز ہیں جن میں کوئٹہ میں 149، چاغی میں 11، لورالائی میں 6، جعفرآباد میں 9، مستونگ میں 6، خاران میں 2، پشین میں 2، ہرنائی اور خضدار میں ایک، ایک کیسز ہیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مقامی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد حکومت صوبے بھر میں کورونا وائرس ٹیسٹ کٹس مہیا کرے۔ حکومت اس مہلک بیماری سے نمٹنے میں غفلت کا مظاہرہ نہ کرے ورنہ اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ بلوچستان حکومت تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے کورونا کے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد اکٹھا کرنے میں لگی ہے، بلوچستان حکومت مستونگ میں مقامی سطح پر کورونا کے کسیز رپورٹ ہونے کے ذمہ دار کا تعین کرے آیا حکومتی نااہلی یا انتظامی غفلت میں سے کون کورونا کے پھیلاو کا ذمہ دار ہے، حکومت اور انتظامیہ کو اپنے عمل پر صوبے کے عوام کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

سابق وزیر اعلی بلوچستان محمد اسلم خان رئیسانی نے مستونگ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور مستونگ میں کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری سامان فراہم کرنے کیلئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے رابطہ کیا۔

نواب اسلم رئیسانی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مستونگ میں کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والے صورتحال اور کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ اور سہولیات کے فقدان پر تفصیلی بات چیت کی اور مستونگ کیلئے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر موبائل ایکسرے مشین کٹس  CBCمشین جبکہ مقامی ہسپتالوں کیلئے بیڈز سمیت دیگر ضروری سامان اور محلہ زرخیلان کے مکینوں کیلئے اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کی درخواست کی۔