بلوچستان میں برف باری، موسم سرما لوٹ آیا

366

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جبکہ رابطہ سڑکیں بھی پانی میں بہہ گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  زیارت میں 50، لورالائی 32، ژوب ، 21، کوئٹہ 16، مسلم باغ 14، پشین 11، سبی 10، قلات 9، مستونگ 5، بارکھان، پنجگور 3، تربت، چمن اور نوکنڈی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ  کی جا چکی ہے۔

زیارت اور سنجاوی میں تین روز سے جاری بارش کے بعد ہلکی برف بھی پڑی۔ بارش کے سبب سنجاوی ہرنائی، سنجاوی لورالائی، سنجاوی دکی، سنجاوی کوئٹہ اور سنجاوی زیارت کی مرکزی شاہراہیں بند ہوگئیں۔

ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے گرڈ اسٹیشن کے تین کھمبے طوفانی تیز ہواوں کی وجہ سے گر گئے جس سے یک مچ اسماعیلی اور گرد نواح کے علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے۔

ضلع کوہلو کے نواحی علاقوں تمبو، ماوند، کاہان، سفید، پژہ، گرسنی، جنت علی اور نساؤ میں نشیبی علاقے زیر آب جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ مذکورہ علاقوں میں کچے مکانات منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا اور گندم کی حالیہ فصل کو شدید نقصان پہنچے کا بھی اندیشہ ہے۔