بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش و برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

205

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شمالی اضلاع میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے بلکہ کوژک ٹاپ اور کان مہترزئی میں شاہراہ پر برفباری کے باعث پھسلن کی وجہ سے مال بردار اور دیگر بڑی گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

قلعہ عبداللہ میں ضلعی انتظامیہ نے کوژک ٹاپ پر دھند کے با عث گاڑی مالکان کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ، پشین، زیارت، کان مہترزئی، قلعہ عبداللہ، چمن، خانوزئی، مسلم باغ، مستونگ سمیت صوبے کے مختلف شمالی اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر سردی کی شدت میں اضافہ ہوا بلکہ کوژک ٹاپ، کان مہترزئی میں ما ل بردار اور دیگر گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو شاہراہوں پر برفباری کے باعث پھسلن کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا صورتحال کے پیش نظر چمن میں لیویز اور این ایچ اے اہلکاروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

چمن کوئٹہ کوژک ٹاپ شاہراہ پر برفباری کی وجہ سے شدید دھند کے باعث گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو تیز رفتاری سے گریز کرنے اور گاڑیوں کے لائٹس آن کرکے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

کوئٹہ میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 5، قلعہ سیف اللہ میں 8، ژوب9، مستونگ، قلعہ عبداللہ 6، پشین 7، زیارت 1، قلات 3 اور مسلم باغ میں 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثر اضلاع میں مطلع صاف رہنے کی امید ہے جبکہ بعض اضلاع میں فضاء ابرآلود رہنے کی بھی پیشنگوئی کی گئی ہے۔