پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے مکران میں مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور مختلف علاقوں میں 148 کچے مکانات گرگئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مکران کے علاقے کیچ میں 341 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 499 مکانات کی بیرونی دیواریں گرگئیں۔ بارشوں سے کیچ میں ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔ مکران میں بارشوں سےجانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
بارشوں سے متاثرہ علاقوں سے مختلف ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آرہی ہیں۔ ان ویڈیوز میں پانی کے تیز بہاؤ میں گاڑی اور ٹرک الٹنے کے مناظر ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام بھی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا گیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث مکران اور رخشان ڈویژن میں لوگوں کو شدید مالی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں لوگ تاحال محصور ہے جہاں انہیں خوراک کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔