بلوچستان: برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری

850
File Photo

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں مزید بارشوں اور برف باری کی پیشنگوئی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں میں برف باری اور بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے بلکہ نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے ہیں۔

پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بلوچستان میں طوفانی بارش اور برف باری کے پیش نظر مختلف اضلاع کے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

ہفتے کے روز دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت، مستونگ، سبی، کچھی، نوشکی سمیت دیگر میں بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں اور ندی نالوں میں طغیانی بھی پیدا ہوچکی ہے۔

بارش اور برف باری نے جہاں اہلیان بلوچستان کے چہروں پر خوشی بکھیر دی ہے وہی سردی کی شدت میں اضافے کے باعث تجارتی مراکز اور بازار کی رونقیں بھی ماند پڑنا شروع ہوچکی ہے، سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی اہلیان کوئٹہ اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد نے مچھلی، مرغی سمیت گرم مشروبات کے استعمال میں اضافہ کردیا ہے، صورتحال کود یکھتے ہوئے مچھلی، مرغی اور سری پائے کی قیمتوں میں ہفتے کے روز من مانا اضافہ دیکھنے کو بھی ملا، اس کے علاوہ ڈرائی فروٹس کی خریداری اور استعمال میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے پہلے ہی مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور برف باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے بلکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے بھی اپنے عملے کو حاضر اور مشینری کو تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اس سلسلے میں گذشتہ روز میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنے ورکرز کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے لیکن پھر کوئٹہ شہر سمیت دیگر علاقوں میں صورتحال بدتر رہی اور عوام شکایات کرتے رہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی شکایات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی شہر کوئٹہ کے کئی علاقوں میں گیس مکمل طور پر غائب ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں مزید بارشوں اور برف باری کی بھی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

ہفتے کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا تو لوگوں کی بڑی تعداد نے ہنہ اوڑک، سپین کاریز، ہنہ جھیل اور دیگر نواحی علاقوں کا رخ کرنا شروع کردیا بلکہ وہ برف باری اور سرد موسم سے بھی خوب لطف اندوز ہوئے دوسری جانب طبی ماہرین نے سینے،آرتھوپیڈک اور دیگر امراض کے شکار افراد کو تنبیہ کی ہے کہ وہ شدید سردی میں گھروں سے باہر نہ نکلیں بلکہ انہوں نے عوام کو بھی گرم ملبوسات پہنے رکھنے اور خود کو سردی سے بچانے کی تلقین کی ہے تاکہ وہ موسمی اثرات سے بچ سکیں۔

زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران ہونے والی بارشوں اور برف باری کے باعث خوشکابہ اور سیلابہ اچھی فصلات کی آمید ہے بلکہ اس سے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری قحط سالی بھی ختم ہوگی۔