بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں 1 شخص جانبحق، 5زخمی 

231

حادثات و واقعات لورالائی، قلات، پشین اور نوشکی میں پیش آئے ۔ 

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان مختلف علاقے لورالائی، پشین، قلات اور نوشکی میں پیش آنے والے مختلف حادثات اور واقعات میں مجموعی طور ایک شخص جانبحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی کے علاقے شاہ کاریز میں دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں محمد نبی ولد محمد علی موقع پر جانبحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد دینے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ۔

دوسری جانب پشین کے علاقے شادیزئی میں جوہڑ میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب گیا، علاقہ مکینوں کے مطابق چار گھنٹوں سے نوجوان کی تلاش جاری ہے تاہم سرکاری ریسکیو ٹیم تاحال موقع پر نہیں پہنچ سکی ہے ۔

ضلع قلات میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سپنا ہوٹل کے مقام پر کوئٹہ سے پنجگور جانے والی فیلڈر کار نے موٹرسائیکل کو ٹکرماردی جس کے بعد گاڑی بھی بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار قیصر خان ولد غلام حیدر شاہوانی سکنہ ملغزار قلات،کار گاڑی کے ڈرائیور کامران ولدعبداللہ خان نورزئی سکنہ کچلاک، نظرخان ولد عبدالصمد اچکزئی سکنہ کچلاک شدید زخمی ہوگئے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کوڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، شدید زخمی نظرخان کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے بعد علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے کارڈرائیور کامران کو حراست میں لیکر گاڑی کوقبضے میں لے لیا ۔

یاد رہے اس سے قبل ڈاکٹروں کی کمی اورسامان کی عدم سہولیات کے باعث مریضوں کوطبی امداد نہ ملنے پر ہسپتال میں موجود دور دراز سے آنے والے دیگر مریضوں اور زخمی افراد کے رشتہ داروں نے احتجاج کیا ۔

مظاہزین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس سول ہسپتال قلات کی عدم دلچسپی اور نااہلی کی وجہ سے ہسپتال میں ایمرجنسی کے دوران بھی صرف ایک ایم بی بی ایس ہے دیگر ڈاکٹرز ڈیوٹی سے غائب ہے جبکہ ہسپتال کو صرف پیرامیڈیکس اور ٹرینیز کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے ۔

دریں اثناء ضلع نوشکی کے علاقے کلی قادر آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مولوی شفیع محمد مینگل زخمی ہوگیا جنہیں دو گولیاں ہاتھ اور پاوں میں لگی ہیں ۔

پولیس نے نامعلوم ملزمان کے گرفتاری کیلئے کاروائی شروع کردی اور واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔