ایم کیو ایم کا بلوچوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ستائیس مارچ کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

160

مہاجر قوم بلوچ حریت پسندوں کے کندھوں سے کندھا ملائیں۔ الطاف حسین

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد اور بانی الطاف حسین نے مہاجر قوم کے نام ایک اپیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیرت مند اور حریت پسند بلوچ رہنماؤں سے کاندھے سے کاندھے ملانے والے اتحاد کے ذریعے بلوچ عوام کی جانب سے منائے جانے والے یوم سیاہ میں عملی طورپر بھر پور حصہ لیں۔

ایم کیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 27 مارچ 1948 ء کو آزاد بلوچستان پر پاکستانی فوج نے حملہ کرکے بلوچستان پر قبضہ کرلیا اور اسے پاکستان کے ساتھ ملادیا۔ اس طرح پاکستان آرمی نے پورے بلوچستان کے نہ صرف رقبے پر قبضہ کیا بلکہ وہا ں سے نکلنے والی گیس، سونا اور دیگر معدنیات پر بھی قبضہ کرلیا۔

بانی ایم کیو ایم نے اپنے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین طاقت کے بل پر بلوچستان کے خلاف کئے جانے والے ناجائز و ظالمانہ اقدام کے خلاف تھا، ہے اور رہے گا، بلکہ بلوچستان کی آزاد اور جداگانہ حیثیت کے حصول تک بلوچ عوام کے ساتھ مل کر آواز اٹھا تا رہے گا اور ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار تھا، ہے اور ہمیشہ رہےگا۔

الطاف حسین نے پیغام کے آخر میں مہاجر قوم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی بررز بدھ 27 مارچ 2019 ء کو بھر پور طریقے سے یوم سیاہ منائیں اور جہا ں جہاں ممکن ہوسکے چھوٹے چھوٹے اجتماعات کرکے ناجائز اور اس ظالمانہ قبضے کے خلاف بحث اور مباحثہ کریں۔

واضح رہے کہ 27 مارچ کے روز ہر سال بلوچ آزادی پسند جماعتیں یوم ِ سیاہ کے طور پر مناتی ہیں ، قوم پرست جماعتوں کا موقف ہے کہ 27 مارچ 1948 کو پاکستان نے بزور طاقت بلوچستان کے آزاد حیثیت کو سلب کرتے ہوئے اس پر قبضہ کرلیا، جس کے خلاف آج تک وہ جدوجہد کررہے ہیں۔