کوئٹہ: پشتون تحفظ موومنٹ کے مظاہرے پر آنسوں گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج

224

آنسوں گیس شیلنگ سے پریس کلب کے سامنے احتجاج بیٹھے بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین بھی متاثر ہوئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پشتون تحفظ موومنٹ کے مظاہرے پر فورسز کی جانب سے لاٹھی چارج کی گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوں گیس فائر کی گئی جبکہ آنسوں گیس سے پریس کلب کے سامنے بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج پر بیٹھے خواتین و بچے بھی متاثر ہوئے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے لورالائی میں گذشتہ دنوں ہونے حملوں کے خلاف مظاہرہ کیا جارہا تھا جبکہ پی ٹٰی ایم کے ایک کارکن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم ایک پرامن مظاہرہ کررہے تھے کہ اچانک پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے کارکنان کی گرفتاری شروع کردی جبکہ اسی دوران آنسوں گیس فائر کیئے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں کہ ہمارے پر امن احتجاج پر فورسز کی جانب سے کیوں دھاواں بولا گیا حالانکہ کارکنان کی جانب سے کسی قسم کی بھی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق پی ٹی ایم کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم گرفتار ہونے والے کارکنان کے تفصیلات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

دریں اثنا وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ میں احتجاج پر بیٹھے خواتین اور بچے بھی آنسوں گیس سے متاثر ہوئے ہیں۔