اخباری صنعت بلوچستان کا اجلاس، اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگی پر اظہار تشویش

152

حکومت بلوں کی ادائیگی اور اشتہارات کے اجراء کے سلسلے میں اپنے وعدوں اور یقین دہانیوں پر فوری عملدرآمد کرائے – ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان

ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا ایک اجلاس رشید بیگ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حکومت بلوچستان اور خاص طور سے محکمہ اطلاعات کی پالیسیوں اور حالیہ اقدامات کے نتیجے میں مقامی اخباری صنعت میں پیدا ہونیوالے بحران کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا ۔

اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں ایکشن کمیٹی نے بھرپور تعاون کیا لیکن معاملات میں بہتری نہیں آرہی ۔حکومت صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور متعلقہ حکام کو اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ہدایت کرے ورنہ صورتحال کی خرابی کی ذمہ داری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں پر نہیں ہوگی ۔

اجلاس میں مقامی اخبارات و جرائد کو اشتہارات کے عدم اجراء کی مذمت کی گئی اور ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کے رویے پر خاص طور پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ڈی جی پی آر صاحب یا تو اپنا رویہ درست کریں یا حکومت ایک قابل قبول ڈی جی پی آر کی تعیناتی عمل میں لائے جبکہ اجلاس میں گزشتہ 6 ماہ سے اخبارات و جرائد کے واجبات کی عدم ادائیگی اور اس سلسلے میں ڈی جی پی آر اور دیگر حکام کی تمام یقین دہانیوں کے باوجود عملدرآمد کے فقدان پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوں کی ادائیگی اور اشتہارات کے اجراء کے سلسلے میں اپنے وعدوں اور یقین دہانیوں پر فوری عملدرآمد کرائے ورنہ ایکشن کمیٹی سخت لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیگی ۔