بلوچستان: مختلف واقعات میں 6 افراد جانبحق، 15 زخمی

202

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں 6 افراد جانبحق، 15 زخمی ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں میں مجموعی طور پر 6 افراد جانبحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ڈمپر گاڑی پہاڑی سے نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2 افراد جانبحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈمپر میں 5 افراد سوار تھے جو مزدور تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر بلوچستان کے ضلع بولان میں گوگرت کے مقام پر پکنک منانے کیلئے جانے والا 20 سالہ نوجوان طحہٰ پانی میں ڈوبنے سے جانبحق ہوگیا-

ایک دوسرے واقعے میں بلوچستان کے سرحدی شہر چمن کے کالج روڈ پر ٹریفک حادثے میں حاجی عبداللہ جان عرف لاجئی پہلوان سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے-

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ موسیٰ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ فدا محمد رند جانبحق ہوگیا-

کوئٹہ ہی کے علاقے قمبرانی روڈ لاشارہ آباد میں ڈاکوں کی فائرنگ سے 16 سالہ یار محمد ولد نبی بخش لاشاری زخمی ہوگئے-

ایک اور واقعے میں بلوچستان کے علاقے روز سنجاوی شاٹ کاٹ کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث زرنج رکشہ پل سے نیچے گرگیا جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور محمد سلیمان موقعے پر ہی جانبحق ہوگیا جبکہ رکشے میں سوار دیگر تین افراد زخمی ہوئے۔

مقامی لیویز اہلکاروں نے جانبحق اور زخمیوں کو سنجاوی ہسپتال منتقل کردیا۔

دریں اثناء کوئٹہ سے اوستہ محمد جانے والی مسافر ویگن تیز رفتاری کے باعث ٹائر نکل جانے سے بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ویگن ڈرائیور نوروزخان موقع پر جانبحق ہوگیا جبکہ دلدار خان، دین محمد۔ فیض بی بی، غلام فاروق زخمی ہوگئے-

مقامی ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث مزید علاج معالجے کیلئے بختیار آباد سے سبی سول ہسپتال منتقل کردیئے گئے۔