کوہلو: فوج کا بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمدگی کا دعویٰ

270

کوہلو، کاہان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا – آئی ایس پی آر کا دعویٰ

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو کے تحصیل کاہان سے پاکستانی فوج نے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے اپنے قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے خفیہ اطلاع ملنے پر کاہان کے قریب صورف کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا ہے جس میں اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، مارٹر کے گولے اور دیگر گولہ بارود شامل ہیں۔

واضح رہے گذشتہ مہینے بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں بلوچ لبریشن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوہستان مری بالخصوص کاہان کے آس پاس کے علاقوں سے نکالے جانے اسلحہ و گولہ بارود کی نشاندہی کرنے والے افراد کو معاف نہیں کریں گے ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے تمام افراد جو اس عمل کا مرتکب ہوچکے ہیں یا ہونے جارہے ہیں ان کے بارے میں مکمل معلومات رکھتے ہیں اور جو لوگ ان کی سرپرستی کرکے ان کو گمراہ کررہے ہیں ان پر بھی یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اُن سے تمام اسلحہ اور گولہ بارود کا حساب لیا جائے۔