کوئٹہ : خواتین وکلاء کا خاتون اسسٹنٹ کمشنر کے خلا ف کارروائی کا مطالبہ

232

کوئٹہ میں خواتین وکلاء نے وکلاء برادری کے خلاف سٹی تھانے میں درج ایف آئی آر واپس لینے اور خاتون اسسٹنٹ کمشنر کے خلا ف کارروائی کا مطالبہ کر دیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ضلع کچہری میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قمر النساء ایڈووکیٹ اور دیگر خواتین وکلاء نے کہا کہ خاتون اسسٹنٹ کمشنر سٹی ثانیہ صافی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ،بلدیہ پلازہ میں وکلاء کے چیمبرز ہیں اور انتظامیہ نے وکلاء کو صبح نو سے شام چار بجے تک بلدیہ پلازہ کے احاطے میں پارکنگ کی اجازت دے رکھی ہے لیکن خاتون اسسٹنٹ کمشنر نے 26 ستمبر کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران وکلاء کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا احتجاج پر اسٹنٹ کمشنر اور ان کے عملے کی جانب سے وکلاء کوگرفتار کرنے کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔

خواتین وکلاء نے الزام عائد کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ ساتھ سٹی تھانے کے ایس ایچ او نے بھی اختیارات سے تجاوز کیا جب وکلاء کی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا تو دوبارہ خاتون اے سی کے کہنے پر وکلاء کے خلاف مقدمہ ایف آئی آر درج کرنے کا جواز نہیں تھا۔

خواتین وکلاء نے کہا کہ معاشرے میں ادنیٰ اور اعلیٰ کی تفریق پیدا کی جارہی ہے ، بیوروکریسی مقدس گائے بن چکی ہے انہوں نے واضح کیا کہ تمام خواتین وکلاء اپنی وکلاء برادری کے ساتھ کھڑی ہیں ، وکلاء برادری کے خلاف درج مقدمہ واپس لیکر اگر اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔​