پارلیمنٹ میں آج تک لاپتہ افراد سے متعلق کوئی قانون سازی نہیں ہوئی

لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ارکان پارلیمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکانِ اسمبلی کا کام سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان میں جانا نہیں بلکہ ان کا کام ہے کہ وہ غریب آدمی کے حقوق کے لیے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں، پارلیمنٹ نے آج تک لاپتہ افراد کے حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں کی۔

127

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا جس میں صوبہ سندھ میں جبری گمشدگیوں کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے لاپتہ افراد کے 5 ہزار سے زائد کیسز میں سے 3 ہزار 8 سو کیسز نمٹائے اور اس وقت ایک ہزار 8 سو 28 کیسز زیر التوا ہیں۔

انہوں ںے دعویٰ کیا کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا گیا، صرف ماما قدیر نے کہا تھا کہ 40 ہزار افراد لاپتہ ہیں، آج تک ان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی صورتحال اتنی گمبھیر نہیں جتنی ظاہر کی گئی، کوئی بھی ادارہ ہو کوتاہیوں سے پاک نہیں ہوتا۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انکشاف کیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے 15 سال میں کسی حکومت نے کوئی کوشش نہیں کی، اگر جسٹس منصور کمال کمیشن کی رپورٹ پڑھ لی جاتی تو لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہو جاتا۔

بلوچستان کے لاپتہ افراد کا معاملہ

انہوں نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کے صرف ایک سو 31 کیسز زیر التوا ہیں اور بلوچستان میں کئی قبائل لوگوں کو غائب کرنے میں ملوث ہیں جبکہ ذاتی چپقلش کی بنیاد پر بلوچستان میں لوگوں کو اٹھا لیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی فہرست میں سے 8 افراد کی تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ وہ پارہ چنار میں کاروبار کر رہے ہیں۔

لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ نے ایک اور انکشاف کیا کہ براہمداغ بگٹی، ہربیار مری اور خیر بخش مری جب ملک چھوڑ کر گئے تو سیکڑوں افراد ان کے ساتھ گئے تھے جبکہ ان کے نام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

 

اس موقع پر جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ہم تو آج تک یہ نہیں معلوم کر سکے کہ ہمسایہ ملک میں ہمارے کتنے شہری قید ہیں، افغانستان کے صوبوں ننگر ہار اور پکتیا میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے متعدد لاپتہ افراد قید ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہاتھ میں کشکول ہو، ملک کمزور ہو تو ہمسایے بھی مداخلت کرتے ہیں، ہم ہمسایوں سے نہیں پوچھ سکے کہ ننگرہار اور پکتیا کی جیلوں میں کتنے پاکستانی قید ہیں، ‘ہم نے معلوم کیا تو پتا چلا کہ ان جیلوں پر افغان حکومت کا بھی کنٹرول نہیں’۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بطور سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ جنیوا میں رہ رہے ہیں ان کے نام بھی لاپتہ افراد کی فہرست سے نہیں نکالے گئے، یہاں تک کہ صوفی محمد، منگل باغ اور مولانا فضل اللہ کے ساتھ جانے والے لوگوں کے نام بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

سندھ میں لاپتہ افراد کا معاملہ

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا کہ سندھ سے لاپتہ افراد کے ایک ہزار 3 سو 57 کیسز تھے جس میں سے ایک ہزار ایک سو 74 کیسز نمٹا دیے ہیں اور ایک سو 83 کیسز التوا کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے کیسز میں لاپتہ ہونے والے اکثر افراد کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس غوث محمد، سندھ میں کمیشن کے ممبر ہیں اور وہ وہاں کیسز کو سن رہے ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو معلومات تک رسائی نہیں ملتی، جس پر جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میں بتاوں گا کہ کس ادارے کا کیا کردار ہے، میں کسی سے خائف نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کمیشن کی حتمی رپورٹ جلد پیش کریں گے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میں یہاں آیا تو مجھے ڈر تھا کہ بات قومی احتساب بیورو (نیب) تک نہ چلی جائے گی، ‘نیب کو کام کرنے دیں کسی سے زیادتی نہیں کریں گے’۔

علاوہ ازیں جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سینیٹ کی کمیٹی کو بتایا کہ بیرون ملک بجلی بنانے والی کمپنیوں کو دیے گئے کروڑوں روپے کا ریکارڈ کسی اکاؤنٹنٹ جنرل کے پاس نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں نوجوان لوگ ہیں، اُمید ہے ملک کی بہتری کے لیے محنت کریں گے، جس پر پیپلز پارٹی کی سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال، آپ نے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔

سینیٹ کمیٹی کو دی جانے والی بریفنگ کے دوران دلچسپ صورت حال اس وقت سامنے آئی جب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو کمیٹی کے اجلاس کے دوران بھوک ستانے لگی۔

انہوں نے کمیٹی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں بلائیں تو پہلے آگاہ کریں، میں اپنے ساتھ ٹفن لے کر آؤں گا، سادگی کا زمانہ ہے، اپنے کھانے کا بندوبست خود کرنا پڑے گا۔