کلبھوشن کیس: پاکستان نے عالمی عدالت میں بھارتی اعتراضات پر جواب تیار کر لیا

182

پاکستان نے مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے گرفتار آفسر کلبھوشن جادیو کے کیس میں بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں جمع کرائے گئے اعتراضات پر جواب تیار کر لیا ہے۔

 پاکستانی دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر انڈیا ڈاکٹر فاریحہ بگٹی ہالینڈ کے شہر ہیگ پہنچ گئی ہیں اور وہ 17 جولائی کو بھارتی اعتراضات کے جواب میں تحریری جواب عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائیں گی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاریحہ بگٹی کی جانب سے جمع کرایا جانے والا جواب الجواب میں پہلا جواب ہو گا جب کہ عالمی عدالت میں یہ کلبھوشن کیس میں دوسرا جواب ہو گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے تحریری جواب میں بھارتی سوالات پر تفصیل سے جواب دیا گیا ہے اور پاکستان نے بھارت کے تمام اعتراضات کے جوابات دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات 400 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی جواب اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے مرتب کیا ہے۔

خیال رہے کہ  کلبھوشن جادیو کیس میں پاکستان نے پہلا جواب 13دسمبر 2017 کو جمع کرایا تھا۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستانی حکومت کی جانب سے  دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں اور کلبھوشن جادیو نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔

لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔