بلوچستا ن نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ حقوق کا تحفظ عوام کیلئے آواز بلند کرنا ہماری جماعت کی سیاست کا محور ہے بلوچستان کی ترقی کے لئے پہلے نہ کبھی مصلحت کا شکار ہوئے اور نہ آنیوالے وقت میں ہونگے انتخابات میں جس طرح عوامی تعاون حاصل ہے بلوچستان نیشنل پارٹی کی کامیابی یقینی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار سارونہ جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی روز اول سے اہلیا ن بلوچستان کے لئے آواز بلند کر تی رہی ہے جس کی بناء پر آج تمام اقوام بلوچستان کے مسئال کے حل اور ترقی کے لئے ہماری جماعت کی جانب دیکھ رہی ہے کیونکہ بلوچستان کے غیور عوام اس بات کا ادراک کر تے ہیں یہی جماعت ہے جو یہاں موجود دیرینہ مسائل کے حل عوام کی طرز زندگی میں بہتری لا تے ہوئے جہاں ترقی وخوشحالی کے وہ طریقے کھولے گی جس پر مفاد پرستی کی سیاست نے تالے لگا دیئے تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بی این پی نے بلوچستان بھر میں قومی اور صوبائی نشستوں پر اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں اور یہ اطمینان بخش امر ہے کہ ہر علاقے سے ہمارے امیدواروں کو عوام کی جانب سے بھر پور پذیرائی مل رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اہل بلوچستان بی این پی کے جھنڈ ے تلے یکجا ہے اور اس خواہش کی تکمیل کررہے ہیں کہ ہم سب مل کر ایک روشن خیال ترقی یافتہ ، پرامن اور خوشحالی بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے اور ایک ایسی حکومت بنائے جہاں حق حکمرانی عوام کو حاصل ہے اور تمام اقوام کو ان کے بنیادی حقوق سے آراستہ کیا جا سکے بلوچستان نیشنل پارٹی کا یہ دیرینہ خواب ہے جس کی تکمیل عوامی طاقت کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جس طرح عوام نے ہمیں 2013 کے عام انتخابات میں بھر پور مینڈیٹ دیا2018 کے انتخابات میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور اہل بلوچستان ایک نئے جوش اور ولولہ کیساتھ انتخابی میدان میں اترے ہیں جس سے ایک مضبوط اور مستحکم جمہوری عمل پروان چڑھ رہا ہے جلسہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے سردار اختر جان مینگل کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا تے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ2018 کے انتخابات میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے سیاسی جہد جاری رہے گی تاکہ پارٹی کا پیغام ہر دہلیز تک پہنچ سکے ۔