اسلام آباد: فوٹو جرنلسٹ سعدیہ حیدری پر قاتلانہ حملہ

562

اسلام آباد میں سینئر فوٹو جرنلسٹ سعدیہ حیدری پر قاتلانہ حملہ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں نامعلوم حملہ آوروں نے سینئر فوٹو جرنلسٹ سعدیہ حیدری کی رہائشگاہ آئی 8 میں انکے گھر میں گھس کر حملہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور نے تیزدار آلہ سے حملہ کر کے ان کا گلہ کاٹنے کی کوشش کی لیکن وہ اس حملے میں بچ گئی ہیں۔

واضع رہے کہ پاکستان میں صحافیوں پر قاتلانہ حملے یا ان کا لاپتہ ہوجانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کئی نامور صحافیوں پر قاتلانہ حملے ہوئے ہیں جن میں سے کچھ اپنی جان گنوا چکے ہیں اور کئی زخمی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے کئی صحافی تاحال لاپتہ ہیں۔

آزادی صحافت کے بارے میں بین الاقوامی تنظیم ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ کی جانب سے رواں سال اپریل میں جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق آزادی صحافت کے حوالے سے پاکستان دنیا میں 189 ویں نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:

پاکستان ایک سال کے دوران 5 صحافی قتل، میڈیا ہاؤسز پر 157 حملے

یاد رہے کہ رواں ماہ 5 جون کو لاہور سے نامور صحافی گل بخاری جو پاکستانی ملٹری پر تنقید کرنے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں، انھیں راستے میں اغواء کیا گیا جب وہ ‘وقت نیوز’ پر شو کیلئے جا رہی تھیں، اور اسی روز صحافی اسد کھرل پر بھی لاہور میں حملہ ہوا تھا۔

واضع رہے کہ گزشتہ روز ‘ڈیلی مبصرین’ کے ایڈیٹر گلزار چوہدری کو ڈیوس روڈ لاہور پر واقع ان کے دفتر سے اغواء کیا گیاہے، اور پاکستان میں فعال ‘آل پاکستان جرنلسٹ کاؤنسل’ نامی صحافیوں کی تنظیم نے گلزار چوہدری کے اغواء کا الزام پاکستانی خفیہ اداروں پر عائد کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی فوج کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جرنل آصف غفور نے 4 جون کو اپنے ایک پریس کانفرنس میں  میڈیا کوتنقید کا نشانہ بنایا اور صحافیوں کو اظہار رائے اور ٹویٹ کرنے پر ملک دشمن قرار دیا تھا جس سے پاکستان کے مختلف صحافتی حلقوں نے اس کی مذمت کی اور بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اس حوالے سے پاکستان میں صحافیوں کی ملک گیر تنظیم پی ایف یو جے نے افواج پاکستان کے ترجمان کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر بعض ٹوئیٹس شیئر کرنے والے صحافیوں کو ملک دشمن قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے:

آئی ایس پی آر نے صحافیوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی، پی ایف یو جے

پی ایف یو جے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایک ریاستی ادارے کی جانب سے اس طرح کے بیان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ بدھ کو جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں صدر پی ایف یو جے أفضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل19 ہر پاکستانی شہری کو آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے۔