دی بلوچستان پوسٹ کو موصول اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے مشرقی قادر آباد کے مکینوں نے پینے کے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف قادر آباد شاہراہ احتجاجاً بلاک کردیا۔ مظاہرین میں معصوم بچوں، بوڑھوں اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف اہلِ علاقہ احتجاجاً گھروں سے نکل کر روڈ بلاک کردیا اور شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے پانی دو کی نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی قادر آباد گذشتہ طویل عرصے سے پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہے۔ علاقے میں آبنوشی کیلئے ٹیوب ویل نہ ہونے کی وجہ سے مکین بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ عوامی نمائندوں نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ ضلع سے پانی کی قلت ختم کرنے کے دعویداروں نے مشرقی قادر آباد کو پانی کے فراہمی کے لیئے متعدد دفعہ یقین دہانی کرانے کے باوجود اس سلسلے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔
مزیدتفصیلات کے مطابق گذشتہ سال بھی رمضان کے مہینے میں پانی کے فراہمی کے لیئے اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا تھا اور ایم پی اے اور ایم این اے نے آبنوشی مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی اور علاقہ میں ٹیوب ویل لگانے کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر تاحال ٹیوب ویل نہیں لگایا جاسکا۔ علاقے کے مکینوں کی اکثریت کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے اور وہ مزید پانی خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔