بلوچستان: ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج

175

جمعے کے روز ایپکا ضلع کوئٹہ کی جانب سے مہنگائی کیخلاف اور تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے احتجاجی ریلی اور مظاہرے کا انعقاد ہوا۔

احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے تھے، جن پر تنخواہوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے۔

احتجاجی ریلی میٹرو پولیٹن کوئٹہ کے سبزہ زار سے نکلتے ہوئے مختلف شاہراہوں سے ہوکر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوا، احتجاجی مظاہرے سے ایپکا ضلع کوئٹہ اور صوبائی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

ریڈ ورکرز فرنٹ نے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرتے ہوئے مظاہرین کے تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کی۔

کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے مخلتف علاقوں مستونگ، خضدار سمیت دیگر شہروں میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کے حق میں ریلیاں نکالی گئی اور پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

جس میں اپیکا کے ضلعی قائدین تمام یونٹس کے سیکریٹریز اور ممبران کے علاوہ پاکستان ورکرز کنفیڈریشن اری گیشن ایمپلائنز یونین کے رہنماوں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

مظاہرین سے ایپکا کے ضلعی صدر حاجی غلام علی، محمد شہی، حاجی عبدالجبار درانی ، میر احمد بلوچ اور دیگر رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہ ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں موجودہ مہنگائی کے تناسب سے 100 فیصد فی الفور اضافہ کیا جائے ہاؤس رینٹ الاونس، کنونس الاونس اور میڈیکل الاونس کو ریوائز کیا جائے۔

انہوں نےکہا کہ موجودہ مہنگائی نے ملازمین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، اشیائے خورد ونوش سمیت تمام ضروریات زندگی کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ملازمین دن بدن قرضوں میں ڈوبتے جا رہے ہیں موجودہ تنخواہوں میں گھر کا راشن اور یوٹیلیٹی بلز ادا کرنا بھی ناممکن ہوچکا ہے۔

انہوں نےکہا کہ ملازمین وہ طبقہ ہیں جو اپنی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کرسکتے جبکہ دوسرے شعبہ جات اگر مہنگے داموں چیزیں خریدتے ہیں تو مہنگے فروخت کرتے ہیں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کرتے ہیں اس لیے وہ اپنا نظام چلا رہے ہوتے ہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہیں حکومت فکس کرتی ہے جبکہ مہنگائی فکس نہیں روزانہ چیزوں کی قیمتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اس لئے حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کرنے کے ساتھ ہاؤس رینٹ، کنونس الاونس، میڈیکل الاونس میں فی الفور اضافہ کرے جو کہ کئی سال پرانے ریٹس پر دئیے جا رہے ہیں جبکہ تمام کرایوں ادویات، اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں پانچ سو سے ہزار گنا تک اضافہ ہوا ہے اس لئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں اور الاونسز میں اضافہ کیا جائے۔