یورپی یونین کا بلوچستان سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

389

یورپی یونین، بلوچستان اور سندھ میں شدید سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو اہم انسانی امداد فراہم کرنے کےلئے پاکستان کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے فراہم کرے گا۔

سیلاب نے بلوچستان سمیت پاکستان کے کئی حصوں میں تباہی مچا دی ہے۔ اسلام آباد میں یورپی یونین کے مشن کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد جنوب مغربی پاکستانی صوبے بلوچستان میں جھل مگسی اور لسبیلہ کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شدید متاثر ہونے والوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

پاکستان میں یورپی یونین کے انسانی ہمدردی کے پروگراموں کی نگرانی کرنے والی طہینی تھمنا گوڈا نے کہا کہ تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں تباہی کی ایک داستان چھوڑی ہے، جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں، معاش اور سامان کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی مالی اعانت اس مشکل وقت میں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کی مدد کرنے کے لیے اہم معاونت کرے گی۔

یورپی یونین کا مزید کہنا تھا کہ یہ امداد بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی کی بھی انتہائی ضروری امداد کی فراہمی میں معاونت کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ اس میں سیلاب زدہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کے لیے نقد رقم کی منتقلی، اور سیلاب کے بعد پھیلنے والے پانی سے پیدا ہونے والی اور متعدی بیماریوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام خواتین، نوعمر لڑکیوں اور بچوں جیسے کمزور گروہوں کو نفسیاتی مدد بھی فراہم کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یورپی کمیشن کے یورپی سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ آپریشنز (ای سی ایچ او) کے ذریعے یورپی یونین کی فنڈنگ اس کے چھوٹے پیمانے پر رسپانس میکانزم کے ذریعے دستیاب کی جا رہی ہے۔ای سی ایچ او کا چھوٹے پیمانے کا ریسپانس فنڈ ایک عالمی طریقہ کار ہے جو قدرتی اور انسانی ساختہ آفات سے متاثرہ ممالک میں انسانی امداد کے لیے5 لاکھ یورو تک کی فوری فنڈنگ کی اجازت دیتا ہے۔