سمیع بادینی نے امریکہ میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی کا اسکندریہ فیلوشپ پارٹنرشپ ایوارڈ حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سائکیٹرسٹ اور ایکٹیوسٹ سمیع بادینی کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں ‘فارنزک سائیکولوجی’ میں ماسٹرز کرنے لیئے اسکندریہ فیلوشپ پارٹنرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت وہ جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں اپنی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرسکیں گے۔
خیال رہے یہ ایوارڈ دو سال میں ایک مرتبہ ایسے طالب علم کو دیا جاتا ہے جو امریکہ کے علاقے اسکندریہ میں مقیم ہو اور وہاں کمیونٹی سروس یا پھر پارٹ ٹائم نوکری کر رہا ہو۔ مگر یہ ایوارڈ صرف یونیورسٹی میں داخل ہونے کی حد تک ہے، مگر پروگرام میں داخلے کے بعد انکی دلچسپی دیکھ کر یونیورسٹی ڈین کی طرف سے انھیں اسکالرشپ بھی مہیا کردیا گیا ہے۔
یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر سمیع بادینی کے حوالے سے ایک تعارفی تحریر بھی شائع ہوچکی ہے۔ جہاں پر لکھا ہے، “سمیع بادینی کا تعلق بلوچستان سے ہے، انھوں نے اپنی بنیادی سائیکیٹری کی تعلیم وہاں سے حاصل کی ہے جہاں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تشدد کا راج ہے، اقوام متحدہ نے بھی اس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سمیع بادینی اس علاقے میں ٹارچر کے شکار افراد کا بطور سائکیٹرسٹ علاج کر چکے ہیں، اور اب وہ امریکہ میں اسی عزم کے ساتھ اپنی پریکٹس شروع کرنا چاہتا ہیں۔ ان کا کہنا ہے اس کام میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی انکی زندگی میں ایک قلیدی کردار ادا کریگی”۔