بیلجیم: فائرنگ سے دو پولیس افسران سمیت 4 افراد ہلاک

147

بیلیجیم کے شہر لیژ میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے جن میں دو پولیس افسران اور ایک حملہ آور شامل ہے۔

بیلجیم ریڈیو اور ٹیلی وژن کی فرانسیسی زبان کی ویب سائٹ نے منگل کے روز بتایا کہ ملک کے مشرقی شہر لیژ کے وسطی حصّے میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہل کاروں کو ہلاک کر دیا۔ مذکورہ شخص نے ایک عورت کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔ بعد ازاں یہ حملہ آور بھی فائرنگ کا نشانہ بن کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

حملہ آور نے ایک کیفے کے نزدیک پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کی اور پھر فرار ہو کر ایک اسکول میں پناہ لے لی۔ اس دوران اس نے اسکول کی صفائی کرنے والی ایک خاتون کو یرغمال بنا لیا البتہ بعد ازاں پولیس حملہ آور کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

العربیہ کے نمائندے کے مطابق بیلجیم کی پولیس نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے حملہ آور کی فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے دو اہل کاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

موصولہ معلومات میں اس امکان کا اظہار کیا گیا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک شہری بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جو اس وقت اپنی گاڑی میں سوار تھا۔

لیژ شہر اپنے صنعتی زونز کے حوالے سے مشہور ہے۔ گزشتہ دہائیوں میں یہاں واقع صنعتی کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے سے شہر کو بڑا دھچکا لگا۔

لیژ کا شمار ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں جرائم پیشہ تنظیمیں اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ سرگرم ہے۔