ینگ ڈاکٹرزبلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں خدمات سر انجام دینے والے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ہاؤس آفیسرز کے وضائف پچھلے ایک سال سے ریلیز نہیں ہوئے اور تمام ڈاکٹروں کے 24 ماہ کے وضائف ادا کرنا رہتے ہیں مگر فائنانس ڈیپارٹمنٹ کو مکمل کوائف مہیا کرنے کے باوجود ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ڈاکٹروں کے وضائف تاحال ریلیز نہ کرنے اور مختلف تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں اور ڈاکٹروں کے حقوق کا استحصال کررہے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بھی پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ہاؤس آفیسرز اپنی سروسز ایمانداری سے دے رہے ہیں مگر حکومت اور فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی بے حسی کا عالم یہ ہے کہ تمام کوائف مہیا کرنے کے باوجود ان کے وضائف ریلیز نہیں کررہے جس کی وجہ سے ڈاکٹروں میں اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان حکومت اور فائنانس ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک ماہ کے اندر پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ہاؤس آفیسرز کے وضائف کے تمام تر بقایاجات ریلیز کریں ، اگر ایک ماہ میں یہ تمام وضائف ریلیز نہ ہوئے تو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان پورے صوبے میں سخت ترین احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور فائنانس ڈیپارٹمنٹ پر ہوگی۔