کوئٹہ میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

66

کوئٹہ ہزار گنجی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے، جن کا تعلق ہزارہ برادری سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک افراد سبزی فروش تھے جنہیں نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے خلاف ہزارہ برادری کے نوجوانوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مغربی بائی پاس کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے اور برادری کو تحفظ دیا جائے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو ماضی میں بھی ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث برادری میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ حالیہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔