پنجگور: کل رات جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے نوجوان کو پاکستانی فورسز نے قتل کر دیا

243

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں کل رات جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے ایک نوجوان کو پاکستانی فورسز نے قتل کر دیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق اویس احمد بلوچ نامی نوجوان کو گزشتہ رات دیگر افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی پنجگور کے علاقے خدابادان میں کی گئی، جہاں متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ اویس احمد کو ان کے تین بھائیوں اور ایک اور نوجوان کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا۔ لاپتہ کیے گئے دیگر افراد کی شناخت بختیار ولد حاجی محمد حسن، عرفان ولد حاجی محمد حسن، بلال ولد حاجی محمد حسن اور حسن ولد خلیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق بختیار، عرفان اور بلال آپس میں سگے بھائی ہیں۔

مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران فائرنگ بھی ہوئی، جس میں اویس احمد زخمی ہو گئے تھے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں زخمی حالت میں فورسز اپنے ساتھ لے گئی تھیں۔ اب اطلاعات ہیں کہ اویس احمد کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش پھینک دی گئی ہے۔