پنجگور: تین بھائیوں سمیت پانچ افراد حراست بعد لاپتہ

1

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستانی فورسز نے تین بھائیوں سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔

یہ کارروائی گزشتہ رات پنجگور کے علاقے خدابادان میں کی گئی، جہاں متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا اور گھروں میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی۔

لاپتہ ہونے والوں کی شناخت بختیار ولد حاجی محمد حسن، عرفان ولد حاجی محمد حسن، بلال ولد حاجی محمد حسن، اویس احمد ولد یار محمد اور حسن ولد خلیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق بختیار، عرفان اور بلال آپس میں سگے بھائی ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فائرنگ بھی کی گئی، جس میں اویس احمد زخمی ہوئے۔

اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ فورسز انہیں زخمی حالت میں اپنے ساتھ لے گئی ہیں، تاہم ان کی موجودہ حالت یا مقام کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔