بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام قائم احتجاجی کیمپ، تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں، آج کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6088ویں روز بھی جاری رہا۔
اس دوران کامریڈ منظور بلوچ نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
جبری طور پر لاپتہ محمود علی لانگو کی والدہ اور بیٹی نے آج احتجاج میں شرکت کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور انصاف کی فراہمی کے لیے قائم اداروں کے دروازوں پر مسلسل دستک دے رہے ہیں اور پرامن طریقے سے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرا رہے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کسی نے بھی ملکی قوانین کے تحت انہیں انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا، جس کے باعث وہ، محمود لانگو کی اہلیہ اور بچے شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ ان کے بیٹے کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں۔
وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ محمود علی لانگو سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے۔


















































