بلوچستان سے ایک اور اعلیٰ پولیس افسر کے اغوا کی اطلاعات، حالات کشیدہ۔
کوئٹہ سے موصولہ معلومات کے مطابق مسلح افراد نے ایک کارروائی میں سپرنٹنڈنٹ پولیس شفیق شاہوانی کو بندوق کے زور پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس نے واقعے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
اغوا کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا، تاہم اغوا شدہ ایس پی پولیس کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے۔
تاحال اس واقعے کے محرکات یا ذمہ دار عناصر کے بارے میں حکام نے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان میں شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد اب تک متعدد اعلیٰ پولیس افسران کو اغوا یا ہلاک کیا جا چکا ہے، ان میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت ایک ایس ایچ او کی ہلاکت جبکہ کچھی میں ایک پولیس انسپکٹر کو متعدد اہلکاروں کے ہمراہ مسلح افراد کے ہاتھوں حراست میں لیا جانا شامل ہے۔
اس کے علاوہ مسلح افراد نوشکی میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو بھی تحویل میں لے کر بعدازاں شہر سے بےدخل کر چکے ہیں، جبکہ متعدد کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ “سی ٹی ڈی” کے اہلکاروں کو بھی اغوا کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالات بدستور کشیدہ ہیں جبکہ نوشکی میں جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


















































