کیچ: مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک

15

بلوچستان کے ضلع کیچ میں جمعہ کے روز دو مختلف واقعات پیش آئے، جن میں ایک لاش برآمد کرلی گئی۔ جبکہ دوسرے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

لیویز فورس کے مطابق، تمپ کے علاقے میرآباد میں زبیدہ جلال روڈ کے قریب ایک گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی۔ جس کی شناخت قائم علی ولد محمد حیات کے طور پر کی گئی ہے، جو تمپ کے علاقے آسیا آباد کا رہائشی تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق، لاش سڑک کنارے ایک سنسان مقام پر ملی جس کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشانات موجود تھے۔ لیویز نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

تاحال قتل کی وجوہات سامنے نہیں آئی۔

اسی روز ضلع کیچ ہی کی تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق عبداللہ ولد نور بخش نامی شخص کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ میناز بازار کے قریب موجود تھا۔

فائرنگ کے بعد زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔