بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف اسلحہ ڈیلر عاقب شکاری جان کی بازی ہار گئے۔
واقعہ کیچ کے علاقے “کور پل” کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے عاقب شکاری کو نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کے مطابق مقتول اپنے گھر سے بازار کی طرف روانہ ہو رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے حملہ آوروں نے اُن پر تین فائر کیے، جو اُن کے جسم کے مختلف حصوں پر لگے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شدید زخمی حالت میں عاقب شکاری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور نہ ہی کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔