پنجگور: نوجوان پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

139

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت چنگیز بلوچ ولد یعقوب کے نام سے ہوئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق چنگیز بلوچ کو 26 مئی کی رات گئے فورسز نے پنجگور کے نواحی علاقے راہی نگور سے حراست میں لیا۔

اہلخانہ نے چنگیز بلوچ کی جبری گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ شدید پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چنگیز کو کسی بھی عدالتی کارروائی کے بغیر غیرقانونی طور پر لاپتہ کیا گیا ہے، جو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

متاثرہ خاندان نے حکومت اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر چنگیز بلوچ کی بازیابی کو یقینی بنائیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات ایک عرصے سے جاری ہیں، جن پر انسانی حقوق کی تنظیمیں بارہا تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔ تاہم، ان واقعات میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔