خضدار: کم عمر لڑکا جبری لاپتہ، لواحقین کا احتجاج

299

نوجوان کی جبری گمشدگی کے خلاف لواحقین اور اہلِ علاقہ سراپا احتجاج، بازیابی کا مطالبہ۔

بلوچستان کے ضلع خضدار سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، مسلح افراد نے ایک پندرہ سالہ کم عمر نوجوان کو جبری لاپتہ کر دیا ہے، جس کی شناخت انس ولد احمد سکنہ گذگی خضدار کے طور پر ہوئی ہے۔

واقعے کے خلاف لواحقین اور اہلِ علاقہ نے گذگی کے قریب کوئٹہ، کراچی مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی خضدار کے مطابق، کم عمر نوجوان کو اغوا کرنے والے پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکار تھے اور وہ مسلح تھے۔ نوجوان کو زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے خضدار کے مکینوں سے درخواست کی ہے کہ وہ انس احمد کے خاندان کے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہو کر ان کی بازیابی کے لیے آواز بلند کریں۔

لواحقین نے اعلان کیا ہے کہ اگر انس کو فوری طور پر منظرِ عام پر لا کر بازیاب نہیں کیا جاتا تو ان کا احتجاجی دھرنا مزید شدید ہو گا۔