کار سرکار میں مداخلت پہ معروف وکیل ایمان مزاری شوہر سمیت گرفتار

241

اسلام آباد پولیس نے معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری کو شوہر سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس نے کارسرکار میں مداخلت کے الزام پر ایمان مزاری کو شوہر سمیت گرفتار کر لیا۔

ایمان مزاری اور ان کے شوہر کی جانب سے روٹ کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور دونوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر ایمان مزاری کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو دھکے دینے کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر گالیاں بھی دی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان آئے ہوئے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی اسٹیڈیم روانگی کے موقع پر اسلام آباد کی زیرو پوائنٹ انٹرچینج پر راستے بند کیے گئے تھے اور اسی موقع پر راستے بند کیے جانے پر ایمان مزاری اور ان کے شوہر کی ٹریفک پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی تھی اور انہیں سڑکوں پر لگی رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

ایمان مزاری معروف وکیل جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے جانے جاتے ہیں، وہ خواتین کے تشدد اور ظلم کے خلاف بھی آواز اٹھاتی آئی ہیں۔

وہ ماضی میں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر فوجی اسٹیبلشمنٹ پر سخت تنقید کرتی رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں گرفتاری کا بھی سامنا رہا ہے۔