ڈیرہ بگٹی میں فوجی آپریشن جاری: ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ

414

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں فوجی آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے۔ اس دوران پاکستانی فوج کے چھ جنگی ہیلی کاپٹر مسلسل لنجو اور سغاری کی عام آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس میں ایک بچے سمیت دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سندھ کے قریبی ضلع کشمور سے مزید بیس گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ ڈیرہ بگٹی کی حدود میں لنجو سغاری کے علاقے میں داخل ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ بگٹی میں پچھلے چار دنوں سے مسلسل فوجی کارروائی جاری ہے جس میں لنجو، سغاری، رئیس توخ اور کچی کینال کا پورا علاقہ شامل ہے۔ بڑے پیمانے پر زمینی فوجی دستوں سمیت فضائی کمک کے لیے چھ ہیلی کاپٹر مسلسل مذکورہ علاقوں پر شیلنگ کر رہے ہیں اور فوجی چوکیوں سے عام آبادیوں پر مارٹر گولے فائر کیے جا رہے ہیں۔

ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ اور مارٹر حملوں میں اب تک ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔