ہوشاپ میں پاکستانی فوج کے کیمپ پر راکٹوں سے حملہ

280

ہوشاپ میں نامعلوم افراد نے پاکستان فوج کے کیمپ کو راکٹوں و دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، بیس منٹ سے زائد علاقہ دھماکوں و فائرنگ سے گونجتا رہا۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں گذشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے دمب کے مقام پر قائم پاکستان فوج کے ایک کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق کیمپ پر راکٹ و دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ علاقائی ذرائع کا کہنا ہے بیس منٹ سے زائد علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آواز گونجتی رہی۔

حکام نے نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

قبل ازیں گذشتہ رات بلوچ لبریشن آرمی نے تربت میں پاکستان فوج کی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)، بولان میں فوج کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے، گوادر میں کوسٹ گارڈ چوکی پر دستی بم حملے اور کچھی کے علاقے میں مواصلاتی ٹاور کو تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

جبکہ بلوچستان لبریشن فرنٹ نے کولواہ میں اسنائپر حملے میں پاکستان فوج کے اہلکار کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

بلوچستان میں دو دہائیوں سے بلوچ مسلح آزادی پسند پاکستان فوج، فوجی تنصیبات و فوج سے منسلک افراد کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔