روس کے یوکرین کے شہروں کیئف اور لویو پر 57 میزائل اور ڈرون حملے

123

روس نے اتوار کو یوکرین کے شہروں کیئف اور لویو پر 57 میزائل اور ڈرون حملے کیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام نے بتایا کہ پولینڈ کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ روس کے کروز میزائلوں میں سے ایک نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

یوکرین کی فضائیہ نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر بتایا کہ اس نے روس کے 29 میں سے 18 میزائل اور 28 حملہ آور ڈرونز میں سے 25 کو تباہ کر دیا۔

کیئف کی عسکری انتظامیہ کے سربراہ سرہی پوپکو نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ اتوار کے روز علی الصبح کئی دھماکوں نے کیئف کو ہلا کر رکھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملے سے صرف معمولی نقصان ہوا ہے۔

روس کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ صدارتی انتخابات کے دوران یوکرین کے حملوں کے بدلے میں حملے کر رہا ہے۔

امریکی سفیر برجٹ برنک نے اتوار کو علی الصبح سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’اس ہفتے کی تیسری صبح پورا یوکرین فضائی حملوں کے الرٹ پر ہے اور لوگوں کو پناہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘

’روس بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاکھوں شہریوں کی پرواہ کیے بغیر اندھا دھند ڈرون اور میزائل داغ رہا ہے۔‘

پولینڈ کی فضائی حدود

پولینڈ کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ روس کے کروز میزائلوں میں سے ایک میزائل نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

مسلح افواج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’یہ خلاف ورزی پولینڈ  کے ایک قصبے اوسرڈو کے قریب ہوئی اور اسے فوجی ریڈار سسٹم نے دیکھا۔‘

مسلح افواج نے قبل ازیں کہا تھا کہ حملے کے دوران پولینڈ اور اتحادی طیاروں کو متحرک کیا گیا تھا تاکہ پولینڈ کی فضائی حدود کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

لویو کے میئر اینڈری نے ٹیلی گرام پر کہا کہ شہر پر کوئی حملہ نہیں ہوا لیکن لویو کی ریجن میں ’حساس انفراسٹرکچر‘ کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 20 میزائل اور سات حملہ آور ڈرون داغے گئے۔