بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی

377

بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے گوادر سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے ژوب، قلات، خضدار، چاغی، پنجگور، واشک، دالبندین، خاران اورگوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب گوادر میں تباہ کن بارشوں کے بعد متعدد علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے، مسلسل کھڑے پانی سے متاثرہ محلوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں کم از کم درجہ حرارت منفی 6، کوئٹہ میں منفی 4، گوادر اور تربت میں 10، جیونی میں 7، سبی میں 8 اور نوکنڈی میں ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید سرد رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ویدر اسٹیشن نے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش برسانے والے دو نئے سسٹم 5 سے 10 مارچ تک ملک میں داخل ہوں گے۔

پیشگوئی کے مطابق 5 سے 6 مارچ تک بارش کا پہلا نظام داخل ہوگا جو بلوچستان کے مختلف علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

اسی طرح 9 سے 10 مارچ تک بارشوں کا ایک اور نظام جنوبی حصوں میں بارش برسائے گا۔

اس نظام کے تحت گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، مکران کے علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ کراچی اور ملحقہ علاقوں میں 9 سے 12 مارچ کے درمیان بارش کا امکان ہے۔