بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، خاران چھت گرنے سے بچوں سمیت والد جانبحق جبکہ مچھ میں پل پانی کے ریلے میں بہہ جانے سے ٹریفک معطل ہوگیا۔
بلوچستان شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے مختلف علاقوں میں گذشتہ دنوں سے جاری بارشوں نے نظام زندگی متاثر کردی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور شدید سیلابی ریلوں میں بہہ جانے سے مختلف رابطے سڑکیں بند ہوکر رہ گئے ہیں-
بلوچستان کا ضلع چاغی میں کئی دنوں کی مسلسل بارشوں کے باعث سڑکیں بہہ جانے اور سیلابی ریلوں کے باعث مذکورہ علاقے کا سڑکی رابطہ کٹ ہوکر رہ گیا ہے جہاں ایران سے آنے اور جانے والی درجنوں مال گاڑی پھنس کر رہ گئے ہیں-
چاغی بارشوں کے باعث درجنوں افراد سیلابی ریلوں کے بیچ پھنسے ہوئے اور امدادی مدد کے منتظر ہیں-
خاران میں مسلسل بارشوں سے کلان کے مقام پر گھر کی چھت گرنے سے گھر میں موجود والد دو بچوں سمیت چھت کے ملبے تلے دب گئے جنہیں بعد ازاں علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے نکالا تاہم واقعے میں والد اور بچے جانبر نا ہوسکے-
دوسری جانب نوشکی میں موسلا دھار بارش سے نالوں میں طغیانی، ریلوے لائن میں شگاف پڑنے سے پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع ہوگیا علاوہ ازیں خضدار، نال، وڈھ سمیت مختلف علاقوں میں بارش، کوہلو شہر اور گردونواح میں پانچ گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری۔
بلوچستان کے قلات شہر اور گردونواح میں گذشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارشِ کا سلسلہ جاری ہے بارشِ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ آٹھ گھنٹوں میں اٹھارہ ملی میٹر بارشِ ریکارڈ کیا گیا ہے اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ۔
ادھر پنجگور اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر رہا واضح رہے کہ پنجگور میں گذشتہ سال بارش اور سیلاب سے متاثر تاحال مشکلات کا شکار تھیں حالیہ بارشوں سے ایک بار پھر انکے عارضی مکانات متاثر ہوئے ہیں-
اسی طرح بارش کے باعث مچھ پل کا راستہ آمدو رفت کیلئے بند ہوگیا اور پیشکان ٹو گوادر روڈ شابی کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہے گیا جس کے باعث پیشکان سے گوادر کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔
مزید برآں محکمہ موسمیات بلوچستان کے مطابق نوکنڈی، دالبندین، چاغی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، تربت، کیچ، گوادر، جیونی، اورماڑہ، پنجگور، خاران، نوشکی، واشک، مستونگ، سبی، نصیرآباد، ڑوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین،قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں اکثر مقامات پر آندھی، جھکڑ، موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ میں گذشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 2، سبی میں 9، نوکنڈی میں 8، تربت میں 16، جیونی میں 15 اور گوادر میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔