چمن: دھرنے پر فورسز کا دھاوا، متعدد افراد گرفتار

1073

چمن بارڈر پر پاسپورٹ سسٹم رائج کرنے کیخلاف گزشتہ چار ماہ سے احتجاجی دھرنا جاری ہے، اتوار اور پیر کی درمیانی شب دھرنا منتظمین نے اپنے احتجاج کو وسعت دے کر چمن آفس کے سامنے کنٹینر لگا کر پاسپورٹ آفس بند کردیا تھا۔

انتظامیہ اور ایف سی کی جانب سے رات گئے پاسپورٹ آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ پر چھاپہ مارا اور پاسپورٹ آفس کے سامنے سے کنٹینر اٹھا دیے، جبکہ ایف سی اور انتظامیہ کی جانب سے صادق اچکزئی سمیت متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

اس کے ردعمل میں دیگر رہنماؤں کی جانب سے چمن میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور چمن کوئٹہ بین الاقوامی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔

مظاہرین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے سامنے دھرنا دیا، ایف سی قلعہ پر پھتراؤ کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ایف سی اہلکاروں نے آنسو گیس کی شیلنگ کی تاہم مظاہرین ایف سی قلعے اور ڈی پی او آفس کے سامنے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

احتجاجی دھرنے سے جنرل سیکرٹری اور لغڑی اتحاد کے رہنما غوث اللہ اچکزئی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ دھرنا کے ترجمان صادق اچکزئی و دیگر مظاہرین کی رہائی تک چمن کوئٹہ شاہرہ ایف سی اور ڈی پی او آفس کے سامنے احتجاج جاری رہے گا۔